اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ تیونس کے سول سوسائٹی کے امور کے وزیر کمال الجندوبی نے جمعرات کے دن بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی کاروائیوں میں متعدد دہشت گرد گروہوں کا خاتمہ کیا گیا جبکہ ایک سو بیس انتہا پسند عناصر گرفتار کر لیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی، گذشتہ دنوں سوسہ شہر کے ایک ہوٹل میں ہونے والے دہشت گردانہ اقدام کے جواب میں کی گئی ہے۔ دوسری جانب تیونس کے ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ ملک میں سرگرم انصار الشریعہ دہشت گرد گروہ کا سرغنہ ہلاک کر دیا گیا ہے۔ تیونس کے موزائیک ریڈیو نے بتایا ہے کہ انصار الشریعہ گروہ کا سرغنہ، ابوعیاض، سترہ جون کو لیبیا میں ہونے والے امریکہ کے فضائی حملے میں مارا گیا تھا۔ اس حملے میں الجزائری دہشت گرد مختار بالمختار کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق، ابوعیاض کی موت کی خبر کو ڈی این اے ٹیسٹ کا جواب ملنے تک ملتوی کر دیا گیا تھا تاہم مختار بالمختار کی ہلاکت کی خبر کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی ہے اور اب تک متضاد خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲